• Tue. Jul 8th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پی ایس ایل 5: اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

Feb 23, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ 5کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ ہدف 17 ویں اوور کی 5 ویں گیند پر حاصل کرلیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے دیے گئے 165 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں کے لاٹھی چارج نے ملتانی باﺅلرز کا بھرکس نکال دیا۔ اوپنرز لیوک رونچی اور کولن منرو نے دھواں دار بلے بازی کی جس کے باعث ملتان سلطانز کے باﺅلرز کو پہلی وکٹ حاصل کرنے کیلئے 92 رنز کا انتظار کرنا پڑا۔ 92 رنز کے مجموعی سکور پر کولن منرو نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد شاہد آفریدی کا نشانہ بنے۔

اوپنر آنے والے لیوک رونچی آخری وقت تک کریز پر موجود رہے لیکن ہدف مکمل ہونے سے صرف 2 سکور پہلے 74 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اسلام آبا دیونائیٹڈ کے ڈیوڈ میلان 35 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

قبل ازیں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے تھے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، کپتان شاداب خان پر امید تھے کہ وہ شروع کے کچھ اوورز میں شبنم کے قطروں کا فائدہ اٹھائیں گے لیکن ملتان سلطانز کے کھلاڑی انتہائی جارحانہ موڈ میں نظر آئے ۔

ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود 21 رنزبناکرفہیم اشرف کا نشانہ بنے جبکہ جیمز ونس نے 42 رنز کی دھواں دار اننگ کھیلی تاہم احمد بٹ نے انہیں چلتا کیا۔ معین علی 10 اور رائلی روسو بنا کوئی رن سکور کیے پویلین لوٹ گئے۔ملتان سلطانز کے خوشدل شاہ 7 ، سہیل تنویر 10 اور شاہد آفریدی صرف 11 رنز ہی سکور کرپائے۔ وکٹ کیپر بلے باز ذیشان اشرف نے ملتان سلطانز کی جانب سے انتہائی جارحانہ بلے بازی کی اور 50 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔

دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد بٹ 4 وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین باؤلر رہے۔ فہیم اشرف کے حصے میں 2 اور محمد موسیٰ اور عاکف جاوید کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

ٹاس کے وقت گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ گراﺅنڈ میں نمی ہے اس لیے پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا ،ہمیں تینوں شعبوں میں ٹھیک ہونے کی ضرورت ہے ،امید ہے آج اچھا پرفارم کریں گے ۔ ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ ہم بھی پہلے باؤلنگ کرنا چاہتے تھے کیونکہ سیکنڈ باؤلنگ میں ڈیو فیکٹر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔