• Tue. Jul 8th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ٹرمپ کا دورہ، بھارتی پولیس اہلکاروں کو غلیلیں دیدی گئیں مگر کیوں؟ جان کرامریکیوں کی بھی حیرت کی انتہا نہ رہے گی

Feb 24, 2020

آگرہ (ویب ڈیسک) بھارتی پولیس نے صدر ٹرمپ کے دورہ بھارت پر انہیں آوارہ بندروں سے بچانے کے لیےاپنی غلیلیں تیار کرلی ہیں۔ پولیس کا خاص دستہ تاج محل پر موقع پر ان کی حفاظت کرے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 24 فروری کو بھارت آرہے ہیں جہاں وہ آگرہ جاکر تاج محل دیکھیں گے۔ تاج محل کی اطراف میں انتہائی متحرک مکاک بندروں کے غول موجود ہیں۔ بندروں کی تعداد 500 سے 700 بتائی جاتی ہے اور وہ یہاں آنے والے سیاحوں سے اشیائے خوردونوش چھین کربھی لے جاتے ہیں۔اس دوران ٹرمپ کئی شہروں کا دورہ بھی کریں گے اور تاج محل کے لیے آگرہ بھی جائیں گے۔ دوسری جانب آگرہ کے رہائشی ان بندروں سے پریشان ہیں جبکہ بچوں پر بندروں کی جانب سے حملوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

آگرہ کی رہائشی ایک خاتون نے بتایا کہ ہم بندروں سے اتنے خوفزدہ ہیں کہ بچے اور خواتین گھروں کی چھت پر جاتے ہوئے ڈرتے ہیں جہاں ان بندروں کا راج ہے۔ اگر یہ بندر صدر ٹرمپ پر حملہ کردیتے ہیں تو یہ بہت برا ہوگا۔ اس ضمن نے آگرہ کی حکومت نے ہرممکن قدم پر زور دیا ہے۔ٹرمپ کے دورہ تاج محل کے موقع پر ایک جانب تو پولیس کے دستے کو غلیلیں دی گئی ہیں تو دوسری جانب خفیہ اہلکار بھی صدر ٹرمپ کو بھرپور تحفظ فراہم کریں گے۔ دوسری جانب تاج محل میں سیکیورٹی کے سربراہ برج بھوشن نے کہا کہ بندر غلیلوں سے خوفزدہ ہوتے ہیں اور اگر صرف غلیل ان پر تان دی جائے تب بھی وہ فرار ہوجاتے ہیں۔

تاج محل میں بھی سیاحوں پر بندروں کے ہولناک حملے ریکارڈ ہوئے ہیں۔ 2018 میں دو فرانسیسی سیاحوں پر بندروں نے اس وقت دھاوا بول دیا تھا جب وہ سیلفی لے رہے تھے۔ اس سے قبل ایک خاتون کی گود سے بندر نومولود بچہ چھین کر لے گئے تھے اور اسے زمین پر پٹخ کر دے مارا تھا۔دوسری جانب بھارت میں صدر ٹرمپ کے دورے پر صفائی کی مہم جاری ہے۔ دریائے جمنا میں گندے پانی کی بو ختم کرنے لیے تازہ پانی چھوڑا جارہا ہے۔ احمدآباد میں ایئرپورٹ کی ایک جانب واقع کچی آبادی کو 400 میٹر لمبی اور آٹھ فٹ بلند دیوار سے چھپایا گیا ہے تو کئی مقامات پر ناپسندیدہ مناظر کو چھپانے کی کوشش بھی کی جارہی ہے۔