• Mon. Jul 7th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

امریکااور طالبان میں امن معاہدہ کل ہوگا،تقریب میں کتنے ممالک کے نمائندگان شریک ہوں گے؟جانئے

Feb 28, 2020

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)طویل جنگ کے بعد مذاکرات کے ذریعے امن کی کوشش۔ امریکا اور طالبان کے درمیان افغانستان میں امن معاہدے میں صرف آج کا دن باقی ،کل قطری دارالحکومت دوحہ میں امریکا اور طالبان کے درمیان معاہدے کی تقریب ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ معاہدے کی تقریب میں امیر قطر سمیت سات ممالک کے وزراءخارجہ اور پچاس ممالک کے نمائندگان شریک ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ’افغان امن کی جانب تاریخی پیش رفت وزیراعظم عمران خان کے موقف کی جیت اور افواج پاکستان کے مثالی کردار کی آئینہ دار ہے۔عمران خان ہمیشہ ڈائیلاگ کے حامی رہے۔ خطے میں پائیدار امن کے فروغ اور استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔‘

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر دیئے گئے پیغام میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ’29 فروری کو طالبان اور دیگر فریقین کے مابین معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہیں۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔معاہدے کی تقریب میں امیر قطر سمیت سات ممالک کے وزراءخارجہ اور پچاس ممالک کے نمائندگان شریک ہوں گے۔‘

فردوس نے مزید لکھا کہ ’وزیراعظم نے امیر قطر کو بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے تشدد، مقبوضہ جموں کشمیر کی سنگین صورتحال اور انسانی حقوق کی پامالیوں سے آگاہ کیا۔دونوں رہنماوں نے خطے میں امن کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔‘

یاد رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر قطر پہنچے تھے جہاں انہوں نے امیر قطر سے ملاقات کی اور مختلف امور پر بات چیت کی۔