کراچی( غلام مصطفے عزیز) بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ میچ کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے، مہمان ٹیم اب 29 مارچ کو بنگلہ دیش سے کراچی پہنچے گی، آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا میچ 5 تا9 اپریل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، کراچی ٹیسٹ میں کامیابی پاکستان کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر پہنچا دے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے بدھ کو جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان واحد ایک روزہ میچ کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے۔ شیڈول میں تبدیلی کی درخواست بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے کی تھی۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ کھلاڑیوں کو کنڈیشنز سے ہم آہنگی کے لیے کراچی ٹیسٹ سے قبل پریکٹس کے لیے مزیدکچھ روز کا وقت دیا جائے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول ٹیسٹ میچ 5 اپریل سے شروع ہوگا۔ نئے شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین واحد ایک روزہ میچ یکم اپریل کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں نے 3 اپریل کو اسی مقام پر ایک روزہ میچ کھیلنا تھا۔ مہمان ٹیم اب 29 مارچ کو بنگلہ دیش سے کراچی پہنچے گی۔ آئی سی سی ایک روزہ ٹیم رینکنگ میں پاکستان چھٹے اور بنگلہ دیش ساتویں نمبر پر موجود ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 12 پوائنٹس کا فرق ہے۔ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مہمانوں کے ساتھ تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار رہتا ہے لہذا پی سی بی اب زیادہ عرصے کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی کراچی میں میزبانی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچز کے آغاز سے قبل ہی مداحوں کا جوش و خروش دیدنی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ اس دوران شائقینِ کرکٹ کو اعلی معیار کی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ یاد رہے کہ پاکستان نے راولپنڈی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ایک اننگز اور 44 رنز سے جیتا تھا۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان فی الحال پانچ ٹیسٹ میچز کھیلنے کے بعد140 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔کراچی ٹیسٹ میں کامیابی پاکستان کو پوائنٹس ٹیبل پر نیوز ی لینڈ اور انگلینڈ سے اوپر لے جائے گی۔ دونوں ٹیمیں بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ فی الحال پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 360 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اورآسٹریلیا 296 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔ نئے شیڈول کے تحت بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم29 مارچکو کراچی پہنچے گی اور30 اور31 مارچ کو پریکٹس کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے مابین یکم اپریل کو واحد ایک روزہ میچ نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں 2 تا 4 اپریل پریکٹس کریں گی جبکہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا میچ 5 تا9 اپریل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔