راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ہماری باﺅلنگ ناتجربہ کار ہے جس کے باعث زیادہ ہدف مل جاتا ہے، اگلے میچز میں غلطیوں پر قابو پانا ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے ہاتھوں 30 رنز سے شکست ملنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ پہلے پانچ چھ اوورز میں اچھا کھیل پیش کیا لیکن گزشتہ میچز کی طرح آج بھی آخری اوورز میں زیادہ رنز دئیے، ہدف 150 تک رہتا تو ٹھیک تھا مگر 170 مشکل ٹارگٹ تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے باﺅلنگ سکواڈ میں رفتار ضرور ہے مگر تجربے کی کمی ہے جس کے باعث وکٹ ٹو وکٹ باﺅلنگ نہیں ہو رہی جبکہ شعیب ملک نے عمدہ بیٹنگ کی اور باﺅلرز کی رفتار کو استعمال کیا، ہمیں اگلے میچز میں ان چیزوں کو دیکھنا ہو گا اور غلطیوں پر قابو پانا ہو گا۔