• Sun. Jul 6th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

شعیب ملک کی دھواں دار بیٹنگ، پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے شکست دیدی

Mar 6, 2020

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 18 ویں میچ میں پشاور زلمی نے بلے بازوں کے بعد باﺅلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت بارش سے متاثرہ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے شکست دے کر 7 پوائنٹس کیساتھ تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کامران اکمل اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 9 کے مجموعی سکور پر ہی امام الحق صرف 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 12 گیندوں پر 2 چھکوں 2چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے تاہم 39 کے مجموعی سکور پر وہ بھی محمد حسنین کی گیند پر جیسن روئے کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ حیدر علی نے عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے مجموعی سکور 93 تک پہنچایا تاہم اس موقع پر وہ بھی محمد حسنین کی گیند پر شین واٹسن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 24 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے۔

ضرور پڑھیں: چین میں ہزاروں جانیں نگلنے والے کرونا نے امریکامیں پنجے گاڑ لئے،وہاںکتنے افرادہلاک ہوئے؟ جانئے
پشاور زلمی کی چوتھی وکٹ 134 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب لائم لیونگسٹون محمد حسنین کو باﺅنڈری لگانے کی کوشش میں سہیل خان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ مایہ ناز آل راﺅنڈر شعیب ملک نے انتہائی عمدہ بلے بازی کی اور کسی بھی باﺅلر کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے باﺅنڈریز لگانے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے صرف 25 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کر کے حریف ٹیم کو اچھا ہدف دینے میں کلیدی کردار ادا کیا، انہوں نے 27 گیندوں پر 1 چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے اور محمد حسین کی گیند پر شاٹ لگانے کی کوشش میں کلین بولڈ ہوئے۔ لائم ڈاﺅسن رنز کے بہتے دریا میں ہاتھ دھونے میں ناکام رہے اور بغیر کوئی سکور بنائے آﺅٹ ہو گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 3 اوورز میں 34 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ سہیل خان اور بین کٹنگ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پشاور زلمی کے 170 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن روئے کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا اور پوری ٹیم مقررہ 15 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 139 رنز ہی بنا سکی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن روئے اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا اور جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 45 رنز جوڑے تاہم اس موقع پر شین واٹسن 19 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر لائم لیونگسٹون کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

جیسن روئے نے جارحانہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور احمد شہزاد کیساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 30 رنز جوڑ کر مجموعی سکور 75 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر جیسن روئے یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے 26 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔ احمد شہزاد گزشتہ میچز کی طرح آج کے میچ بھی ناکام رہے اور اہم موقع پر انتہائی سست اننگز کھیل کر ٹیم پر دباﺅ میں اضافے کا سبب بنے جنہوں نے 16 گیندوں پر بغیر کوئی چھکا اور چوکا لگائے 10 رنز کی اننگز کھیلی۔
اہلکاروں کیساتھ گوجرانوالہ کے تاجروں نے کیا سلوک کیا؟ جان کر کوئی بھی شرم سے پانی پانی ہوجائے
بین کٹنگ نے ہدف کی جانب بڑھتے سفر کی رفتار میں اضافے کیلئے جارحانہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی اور 2 زبردست چھکے بھی لگائے مگر 99 کے مجموعی سکور پر وہا ب ریاض کی گیند پر باﺅنڈری لگانے کی کوشش میں لائم لیونگسٹون کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ دفاعی چیمپین کی 5ویں وکٹ 103 کے مجموعی سکور پر گری اور اعظم خان بغیر کوئی سکور بنائے راحت علی کی گیند پر لوئس گریگوری کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

آل راﺅنڈر محمد نواز نے 2 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 18 رنز بنا کر ہدف کی طرف پیش قدمی کرنے کی کوشش کی تاہم 117 کے مجموعی سکور پر وہ بھی راحت علی کی گیند پر امام الحق کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ کپتان سرفراز احمد بھی اپنی ٹیم کی قسمت بدلنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور 1 سکور بنا کر ہی وہاب ریاض کی گیند پر کلین بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

پشاور زلمی کی جانب سے کپتان وہاب ریاض سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 3 اوورز میں 21 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور راحت علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسن علی اور یاسر شاہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

واضح رہے کہ میچ کیلئے پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کامران اکمل، امام الحق، حیدر علی، لائم لیونگسٹون، شعیب ملک، لائم ڈاﺅسن، لوئس گریگوری، حسن علی، یاسر شاہ اور راحت علی شامل تھے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، محمد نواز، شین واٹسن، جیسن روئے، نسیم شاہ، بین کٹنگ، محمد اعظم خان، محمد حسنین، ٹیمل ملز اور سہیل خان شامل تھے۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ بارش کے باعث مقررہ وقت پر شروع نہیں ہو سکا اور پھر صورتحال کو دیکھتے ہوئے میچ 15,15 اوورز تک محدود کر دیا گیا جس کے باعث پاور پلے بھی 5 اوورز کا ہو گا۔