• Tue. Jul 8th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ٹوائلٹ میں موبائل استعمال کرنے اور کورونا وائرس کے پھیلاﺅ میں تعلق سامنے آگیا

Mar 9, 2020

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) اکثر لوگوں کو ٹوائلٹ میں بھی موبائل فون استعمال کرنے کی عادت ہوتی ہے۔ اب ایسے لوگوں کے لیے ماہرین نے ایک سنگین تنبیہ جاری کر دی ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاﺅ پر تحقیق کرنے والے ماہرین نے بتایا ہے کہ ٹوائلٹ میں موبائل فون استعمال کرنے سے لوگوں کو کوروناوائرس لاحق ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے لیور پول ہوپ یونیورسٹی کے ماہرین نے بتایا کہ ”کوئی شخص اگر ٹوائلٹ میں فون استعمال کرتا ہے اور وہاں سے اس کے ہاتھوں اور فون پر وائرس لگ جاتا ہے تو باہر نکل کر وہ شخص ہاتھ تو دھو لے گا لیکن جونہی دوبارہ وہ فون کو ہاتھ لگائے گا وائرس دوبارہ اس کے ہاتھوں کو لگ کر آنکھوں، ناک یا منہ پر ہاتھ لگنے سے انسان کے جسم میں داخل ہو جائے گا۔“

تحقیقاتی ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر پرپیچوا ایماگی کا کہنا تھا کہ ”ٹوائلٹ میں فون استعمال کرنا کورونا وائرس ہی نہیں بلکہ دیگر تمام اقسام کے وائرس اور بیکٹیریا کے پھیلاﺅ کا بھی سبب بنتا ہے۔کئی تحقیقات میں ہم جان چکے ہیں کہ کورونا وائرس مختلف سطحوں ، پلاسٹک، دھات، دیوار اور دروازوں وغیرہ پر 9گھنٹے سے زائد وقت تک زندہ رہ سکتا ہے چنانچہ اگر یہ فون پر لگ جاتا ہے تو لامحالہ کئی گھنٹے تک اس کے انسانی جسم میں منتقل ہونے کاغالب امکان ہو گا چنانچہ جو لوگ ایسے علاقوں میں ہیں جہاں کورونا وائرس موجود ہے، انہیں عوامی مقامات پر اور ٹوائلٹ وغیرہ میں فون استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔“