• Tue. Jul 8th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

تیل انتہائی سستا ہونے والا ہے، پاکستانیوں کے لیے سب سے بڑی خوشخبری آگئی

Mar 9, 2020

جدہ(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ جلد تیل بہت سستا ہونے والا ہے، کیونکہ سعودی عرب نے اپنی تیل کی پیداوار آئندہ ماہ سے بڑھانے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔ بلومبرگ کے مطابق سعودی عرب آئندہ ماہ سے اپنی تیل کی پیداوار بڑھا کر 1کروڑ بیرل یومیہ سے زائد تک لے جائے گا جس سے مختلف ممالک میں تیل کی فروخت کا ایک مقابلہ شروع ہو گا اور اس کے نتیجے میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کافی حد تک گرنے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ تیل برآمد کرنے والے ملک سعودی عرب نے تیل قیمتوں کی جنگ کا آغاز ہفتے کے روز سے کر دیا ہے۔ اس نے ہفتے کے روز عالمی مارکیٹس کے لیے اپنے تیل کی قیمتوں میں 20سال کی ریکارڈ کمی کر دی ہے جس سے دیگر ممالک بھی اپنے خام تیل کی قیمتیں کم کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ قبل ازیں سعودی عرب انفرادی طور پر مارکیٹ کے کچھ شراکت داروں کو بتا چکا ہے کہ اگر ضروری ہوا تو وہ اپنی تیل کی پیداوار بھی بڑھا دے گا۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ تیل کی پیداوار 1کروڑ 20لاکھ بیرل یومیہ تک بھی لیجا سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے اس اقدام کا اعلان روس اور دیگر تیل برآمد کرنے والے ممالک کے خلاف اعلان جنگ ہے، جس کے بعد ان میں تیل کی قیمتوں کا ایک مقابلہ شروع ہو گا جس سے عالمی مارکیٹ میں ایک ہلچل مچ جائے گی۔واضح رہے کہ رواں ماہ سعودی عرب 90لاکھ 70ہزار بیرل یومیہ تیل نکال رہا ہے