• Tue. Jul 8th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر تمام ٹیموں کو خوشخبری سنا دی مگر کیسے؟ زبردست خبر آ گئی

Mar 11, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز نے رواں سیزن کے آخر میں مسلسل تین میچز جیت کر ناصرف ٹورنامنٹ میں واپسی کر لی ہے بلکہ تمام ٹیموں کیلئے پلے آف مرحلے میں پہنچنے کا موقع بھی فراہم کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کے 24 ویں میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل تیسری اور ٹورنامنٹ کی چوتھی کامیابی حاصل کی۔ لاہور قلندرز کی ٹیم اس کامیابی کے بعد 8 پوائنٹس کیساتھ تیسرے نمبر پر آ گئی ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ، چوتھے، کراچی کنگز پانچویں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم چھٹے نمبر پر براجمان ہے۔

ملتان سلطانز وہ واحد ٹیم ہے جو پلے آف مرحلے میں جا چکی ہے تاہم ابھی اس کی پوزیشن طے ہونا باقی ہے کہ یہ لیگ مرحلے میں کون سی پوزیشن حاصل کرے گی اور اس حساب سے ہی اس کے حریف کا فیصلہ بھی ہو گا۔ پشاور زلمی آج کا میچ جیت کر پلے آف مرحلے میں یقینی رسائی حاصل کر لیتی تاہم لاہور قلندرز نے ایسا نہ ہونے دیا اور اب اس کا صرف ایک میچ باقی ہے جس میں فتح کے بعد اسے دیگر ٹیموں کے میچز کے نتائج پر بھی انحصار کرنا پڑے گا۔

لاہور قلندرز کی آج کی فتح کیساتھ ہی شدید مشکلات کا شکار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی پلے آف مرحلے میں رسائی کے امکانات بھی پیدا ہو گئے ہیں لیکن اس کیلئے دونوں ٹیموں کو ناصرف اپنے اگلے میچز جیتنا ہوں گے بلکہ لاہور قلندرز کی اگلے دو میچز میں شکست کا انتظار بھی کرنا ہو گا۔