کراچی (نمائندہ خصوصی) سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں سیزن کے جمعرات سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شیڈول تمام میچز پروگرام کے مطابق ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم میں کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے سبب مقابلوں کا کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں اس لئے جمعرات سے کراچی میں پی ایس ایل فائیو کے میچز شیڈول کے مطابق کھیلے جائیں گے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ اجلاس میں تمام پہلوو¿ں پر غور و خوض کے بعد فیصلہ ہوا کہ کورونا وائرس زیادہ خطرناک نہیں اس لئے شہری زیادہ خوف کا شکار نہ ہوں البتہ حفاظتی تدابیر کا اپنانا بہت ضروری ہے، نیشنل سٹیڈیم میں میچز کے انعقاد کیلئے انتظامات مکمل کر لئے ہیں جس کے تحت بدھ کو سٹیڈیم اور اس کے اطراف میں فیومی گیشن ہوگی جبکہ میچز کے موقع پر بھر پور حفاظتی اقدامات بھی کئے جائیں گے، شائقین کرکٹ کیلئے سینی ٹائرز رکھے جائیں گے جبکہ میچ دیکھنے کیلئے آنے والوں کی سکریننگ کی جائے گی البتہ سٹیڈیم آنے کا فیصلہ تماشائیوں کا اپنا ہے اور ان کے بغیر میچز کرانے کا فیصلہ پی سی بی ہی کرے گا۔