لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ ہونے پر دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیدیا گیا ہے جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 7 پوائنٹس کیساتھ آخری نمبر پر ہے اور اس کا کراچی کنگز کیخلاف ایک میچ باقی ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ ملتان سلطانز کیخلاف میچ بارش کی نذر ہونے کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے مگر ایسا ہرگز نہیں اور اب بھی پلے آف مرحلے میں رسائی کی امید موجود ہے مگر اس کیلئے اسے اپنے آخری لیگ میچ میں کراچی کنگز کو ہرانا ہو گا۔ پی ایس ایل 2020 ءکے پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال کچھ یوں ہے۔
اب اگر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے آخری میچ میں کراچی کنگز کو شکست دیدے تو پھر اسے دعا کرنا ہو گی کہ پشاور زلمی ملتان سلطانز کے ہاتھوں ہار جائے اور اگر ایسا نہیں ہوا تو پھر اسے اسلام آباد یونائیٹڈ کی کراچی کنگز کے ہاتھوں شکست کا انتظار کرنا ہو گا۔ لیکن اگر اسلام آباد یونائیٹڈ بھی اپنا میچ جیت جاتی ہے تو لاہور قلندرز کی اگلے دونوں میچز میں شکست اسے پلے آف مرحلے میں پہنچا سکتی ہے تاہم اگر یہ بھی ممکن نہ ہوا تو کراچی کنگز کی تینوں میچز میں شکست بھی اسے پلے آف مرحلے میں لے جا سکتی ہے۔