لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم بین ڈنک کی طوفانی اننگز کے سحر سے ابھی تک نہیں نکل سکے تاہم وہ اس بات سے بھی انکار کرتے ہیں کہ لاہور قلندرز ’ون مین ٹیم‘ ہے کیونکہ اس میں اور بھی بہت سے جاندار کھلاڑی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز نے بین ڈنک کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز کیخلاف 188 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔ بین ڈنک نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 12 چھکوں کی مدد سے 99 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو ناقابل یقین فتح دلانے دلائی اور اگر اسے ان کے کیرئیر کی بھی سب سے شاندار اننگز کہا جائے تو غلط نہ ہو گا۔
عماد وسیم کا کہنا ہے کہ ”وہ ایک مختلف اور انوکھی اننگز تھی اور میں نے اس سے قبل ایسی کوئی اننگز نہیں دیکھی لیکن لاہور قلندرز کیخلاف صرف بین ڈنک ہی ایسے کھلاڑی نہیں، ہمیں قلندرز کی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کیخلاف منصوبہ بندی کرنا ہو گی کیونکہ وہ سب ہی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ اگر بین ڈنک نہیں تو پھر لین، وہ نہیں تو محمد حفیظ ہیں لیکن اگر وہ بھی نہیں تو فخر زمان بھی ہیں، لہٰذا ہمیں پوری قوت کیساتھ میدان میں اترنا ہو گا۔“
عماد وسیم نے اعتراف کیا کہ لاہور قلندرز کی ٹیم نے صحیح وقت پر مومینٹم حاصل کر لیا ہے لہٰذا ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم زبردست فارم حاصل کرنے والی لاہور قلندرز کی جیت کا سلسلہ روکیں تاہم ان کا یہ بھی ماننا ہے کہ کراچی کنگز کی ٹیم نے بہت اچھا کھیل پیش نہیں کیا تھا۔