کولکتہ (نمائندہ خصوصی) بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے ریاست بنگال کے صدر دلیپ گھوش نے اپنے ایک متنازعہ بیان میں کہا ہے کہ اگر وہ قتل و غارت پر اتر آئے تو کوئی نہیں بچے گا اور لاشوں کا بھی پتا نہیں چلے گا۔ انہوں نے یہ بیان پولیس کے سینئر افسران اور ریاست کی حکمران جماعت ترنمول کانگریس کے حوالے سے دیا ہے۔
بدھ کو اپنے ایک بیان میں دلیپ گھوش نے پولیس کے سینئر افسران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تمہیں ماریں گے تو آخری رسومات کیلئے تمہارے گھر والے تمہاری لاشیں بھی نہیں ڈھونڈ پائیں گے اورترنمول کانگریس کا کوئی بھی رہنما تمہیں بچا نہیں پائے گا۔انہوں نے بی جے پی کے کارکنوں سے کہا کہ وہ پولیس افسران اور ترنمول کانگریس کے سپورٹرز پر حملے کریں اور انہیں ماریں ، وہ اس کی ذمہ داری اٹھائیں گے۔
دلیپ گھوش نے مزید کہا کہ بنگال میں بی جے پی کارکنوں کے خلاف 22 ہزار جھوٹے مقدمات درج کیے گئے ہیں لیکن اب اس طرح کی سیاست نہیں چلے گی، ’ ہم لوگ قتل وغارت گری میں یقین نہیں رکھتے لیکن اگر اس پر آمادہ ہوگئے تو کچھ بھی نہیں بچے گا ، کوئی بھی اپنے بچوں کا چہرہ نہیں دیکھے گا۔