اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اس وقت تک ملک بھر میں مریضوں کی کل تعداد307 بتائی گئی ہے جن میں سے دوافراد جاں بحق بھی ہوئے ہیں۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 208 کیسز رپورٹ ہوئے۔ پنجاب33، بلوچستان23 اور خیبرپختونخوا میں کورونا کے19کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔گلگت بلتستان میں 15، اسلام آباد 8 اور آزاد کشمیر میں کورونا کا ایک کیس سامنے آیا ہے۔ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کی جانب سے بتائے گئے اعداوشمار کے مطابق اس وقت سب سے زیادہ کیسز سندھ میں ہیں جہاں دوسو آٹھ افراد میںکورونا کیسزکی تصدیق کر دی گئی ہے۔صرف کراچی سے چھپن مریضوں میں کوروناکی تشخیص ہوئی ہے۔
سندھ میں مارکیٹیں بند کرنے کے احکامات کی خلاف ورزی پر150 تاجروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سندھ میں انٹرسٹی بس سروس کی معطلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔بس سروس19مارچ سے آئندہ15روز تک بند رہے گی تاہم مال بردار ٹرانسپورٹ کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا کے مطابق اس موذی وائرس سے اب تک دو پاکستانی جاں بحق بھی ہوئے ہیں۔دونوں ہلاکتیں خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں۔
صوبائی (کے پی) کے مشیراطلاعات اجمل وزیر کے مطابق کورونا کا ایک مریض پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں تھا جس کا تعلق ہنگو سے تھااور اس کی عمر صرف پچیس برس تھی۔جبکہ دوسری ضائع ہونے والی قیمتی جان مردان کے50سالہ سعادت خان کی تھی۔ سعادت خان 9مارچ کو سعودی عرب سے پاکستان پہنچے تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب میں کورونا وائرس کے33مریضوں کی تصدیق کر دی ہے۔ پنجاب حکومت نے کورونا کنٹرول کیلئے دوسو چھتیس ملین فنڈز اور تین اسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے قرنطینہ قائم کردیا گیا ہے۔پنجاب میں شاپنگ مالز اور ہوٹلز رات دس بجے تک کھلے رہیں گے جب کہ مری سمیت متعدد سیاحتی مقامات میں سیاحوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔