واشنگٹن (نمائند خصوصی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ملیریا کیلئے استعمال ہونے والی ادویات chloroquine اور hydroxychloroquine کو فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کرونا وائرس کے علاج کیلئے استعمال کرنے جارہی ہے۔
ایف ڈی اے کے کمشنر ڈاکٹر سٹیفن ہاہن نے جمعرات کو صدر ٹرمپ کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ بالا ادویات کا کلینیکل ٹرائل شروع کیا جائے گا۔ ہم ڈیٹا جمع کریں گے اور اس کی بنیاد پر درست فیصلہ کریں گے۔ ڈاکٹر ہاہن کا کہنا تھا کہ وہ غلط امید نہیں دلانا چاہیں گے ، ’ہوسکتا ہے کہ کرونا وائرس کی ہمارے پاس ٹھیک دوائی موجود ہو لیکن یہ بھی ہوسکتا ہے کہ اس کی درست ڈوز ابھی دستیاب نہ ہوجس کی وجہ سے زیادہ نقصان ہوسکتا ہے۔‘
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ chloroquine اور hydroxychloroquine کے علاوہ دیگر اینٹی وائرل ادویات کو بھی ایف ڈی اے کو تصدیق کیلئے بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وائٹ ہاﺅس نے ویکسین اور دوسرے علاج کی راہ میں حائل سرخ ٹیپ کو کاٹ دیا ہے تاکہ ادویات کی جلد منظوری دی جاسکے۔
خیال رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غلط فہمی کی بنا پر نیوز کانفرنس میں chloroquine اور hydroxychloroquine کو کرونا وائرس کا علاج قرار دے دیا لیکن ایف ڈی اے کے کمشنر نے موقع پر ہی ان کی اس بات کی تردید کردی اور واضح کردیا کہ ابھی ان ادویات کا کلینیکل ٹیسٹ کیا جائے گا۔ایف ڈی اے کی جانب سے تاحال مذکورہ بالا ادویات کی کرونا وائرس کے علاج کیلئے منظوری نہیں دی گئی۔