• Fri. Jul 4th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

وہ پاکستانی تاجر جس نے 79 لاکھ روپے کورونا فنڈ میں جمع کرادیئے لیکن 10 لاکھ روپے کس نے دیئے؟ نئی مثال قائم

Mar 24, 2020

کراچی (ویب ڈیسک) وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے قائم کردہ کورونا وائرس فنڈ میں کراچی کے ایک تاجر نے 79 لاکھ روپے جبکہ 88 سالہ ریٹائرڈ ملازم نے 10 لاکھ روپے کا عطیہ دے دیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کراچی کےایک تاجر کی جانب سے79 لاکھ روپےعطیہ وزیراعلیٰ سندھ کے کورونا فنڈ میں دیا گیا ہے، تاجر نے رقم سندھ بینک میں جمع کرائی، تاجر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنےکی درخواست کی ہے۔اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کو 88 سال کے ریٹائرڈملازم نے 10 لاکھ روپے کا عطیہ دیا۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ ریٹائرڈ ملازم نے وزیراعلیٰ سندھ کو 10 لاکھ روپے کا چیک دیا، چیک کےساتھ خط بھی تھا جس میں عطیہ دینےوالےنےنام ظاہرنہ کرنے کی درخواست کی تھی۔ترجمان نے بتایا کہ کوروناوائرس کےفنڈمیں لوگ دل کھول کرعطیہ دےرہےہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت سندھ نے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے 3 ارب روپے کا فنڈ قائم کیا تھا اور مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل کی تھی، سندھ حکومت نے کورونا فنڈ کی مد میں سرکاری افسران و ملازمین کی تنخواہوں سے بھی کٹوتی کردی ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق افسران کی تنخواہوں سے ایک ارب 78 کروڑ24 لاکھ 69 ہزارروپے کاٹے گئے ہیں۔کٹوتی گریڈ ایک سے 22 تک کے ملازمین اورافسران کی تنخواہوں سے کی گئی ہے، اس کے علاوہ صوبائی وزراء، مشیراور معاونین خصوصی کی بھی تنخواہوں میں کٹوتی کی گئی ہے۔تنخواہوں سے کاٹی گئی رقم کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں پر خرچ ہوگی۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں فوج تعینات کردی گئی ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں فوج کو تعینات کرنے کیلئے وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا تھا جس کی منظوری اب وزارت داخلہ نے دے دی ہے۔

یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے اب تک 6 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 884 تک جاپہنچی ہے۔