لاہور (نمائندہ خصوصی)پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 6 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ ملک بھر میں کیسز کی تعداد 892 ہوگئی ہے۔پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں فوج تعینات ہے اور چاروں صوبے لاک ڈاون کا اعلان کرچکے ہیں۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں بھی فوج تعینات ہوگی اور فوج کی خدمات آئین کے آرٹیکل 131 اے کے تحت طلب کی گئی ہیں۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستان میں 99 نئے کسیز سامنے آ ئے ہیں جبکہ 3 افراد جان کی بازی ہا ر گئے ہیں ، کورونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے جبکہ صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد بھی 6 ہے ۔
پنجاب میں اب تک 246 ، سندھ میں 394 ، بلوچستان میں 110 ، خبیر پختون خواہ میں 38 ، گلگت بلتستان میں 71 ، اسلام آباد میں 15 اور آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آیاہے ۔
پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 6 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جن میں بلوچستان میں ایک، خیبرپختونخوا میں 3، سندھ اور گلگت بلتستان میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوچکا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹوئٹر کے ذریعے اعداد و شمار بتائے جس کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں 176، لاہور 51، گجرات 5، گوجرانوالہ 6، جہلم 3، راولپنڈی 2، ملتان 2، فیصل آباد 1، منڈی بہاالدین 1، رحیم یار خان 1 اور سرگودھا کا ایک کیس شامل ہے۔
کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک اٹلی ہے جس میں 63 ہزار 927 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو کہ چین سے کم ہیں لیکن وہاں وائرس کے باعث ہونے والی اموات چین سے کئی گنا زیادہ ہو گئی ہیں ۔ اٹلی میں وائرس کے باعث اب تک 6 ہزار 77 لوگ جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سات ہزار 432 افراد صحت یاب ہوئے ہیں ۔اس کے علاوہ پوری دنیا میں اس وقت کورونا وائرس سے تین لاکھ 81 ہزار 598 لو گ متاثر ہو چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 16 ہزار 559 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں ۔ کورونا وائرس سے اس وقت ملک میں ایک لاکھ ایک ہزار 806 افراد صحت یاب ہوئے ہیں ۔