• Fri. Jul 4th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ڈیرہ اسماعیل خان میں صوبے کا بڑا قرنطینہ سنٹر قائم ہے جہاں پر محکمہ صحت سمیت دیگر تعینات عملہ اپنے فرائض انتہائی تندہی سے سرانجام دے رہا ہے

Mar 24, 2020

ڈیرہ اسماعیل خان سے اسدعباس
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں صوبے کا بڑا قرنطینہ سنٹر قائم ہے جہاں پر محکمہ صحت سمیت دیگر تعینات عملہ اپنے فرائض انتہائی تندہی سے سرانجام دے رہا ہے۔ان خیالات کاا ظہار انہوں نے آج اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں کورونا سے متعلق موجودہ صورتحال اور تدابیر سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ صحت اور پروونشل مانیٹر تیمور خان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈیرہ ڈاکٹر عارف محمود، این سٹاپ آفیسر ڈاکٹر حفیظ اللہ و دیگر نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران پروونشل مانیٹر تیمور خان نے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان قرنطینہ سنٹر میں فراہم کی جانے والی سہولیات تسلی بخش ہیں اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ سمیت تما م اہلکار انتہائی تندہی سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قرنطینہ سنٹر سے متعلق جن ضروری اشیاء کی نشاندہی کی گئی ہے انکی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا جبکہ ایمبولنسز کی کمی کو بھی دور کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ٹرائی ایج فیسیلٹی سنٹر کا قیام انتظامیہ کی جانب سے ایک احسن اقدام ہے اور وہاں پر فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامات قابل ستائش ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تین ریپڈ رسپانس ٹیموں کی ٹریننگ مکمل کی جا چکی ہے جنہوں نے فرائض کی ادائیگی شروع کر دی ہے جبکہ تین مزید ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جن کی ٹریننگ بھی جلد مکمل کر لی جائیگی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈی پی سی آر کو رپورٹنگ سنٹر بنایا گیا ہے جو کہ کیسز اور انسیڈنٹس کی رپورٹنگ کے فرائض سرانجام دے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چونکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم قرنطینہ سنٹر صوبے کا بڑا قرنطینہ سنٹر ہے تاہم یہاں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے تمام کوششیں کی جا رہی ہیں۔جزوی لاک ڈاؤن عوام کے مفاد عامہ کی خاطر ہے تاہم لوگ گھروں تک محدود رہیں اور بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔