ڈیرہ اسمعیل خان سے اسدعباس
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کا اسٹیشن کمانڈربریگیڈیئر شمیریز خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) واحد محمود کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹراما سنٹر میں قائم کورونا ٹرائی ایج فیسیلٹی سنٹر کا دورہ۔ تمام سہولیات کا جائزہ جن میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کی سکریننگ، آئسولیشن وارڈ اور مستند ڈاکٹرز کی موجودگی وغیرہ شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ کوروناسے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے سلسلے میں تما م اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اس موقع پر تفصیلات بتاتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈی ایچ کیو اور ٹراما سنٹر میں روزانہ کی بنیاد پر کافی مریض لائے جاتے ہیں تاہم یہاں کورونا کے سمپٹمز کے ساتھ آنے والے مریضوں کی سکریننگ کی اشد ضرورت تھی تاہم اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس انفارمیشن ڈیسک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس سلسلے میں پہلے ہی الیکٹرانک رسپانس کے حوالے محکمہ صحت کی جانب سے مختلف ڈاکٹرز تعینات کیے جا چکے ہیں جو کہ اپنی خدمات کیلئے 24 گھنٹے دستیاب ہیں عوام ان سے کورونا کے حوالے سے ہدایات، مشورہ یا علامات کی صورت میں مدد لے سکتے ہیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے کہا کہ کورونا سے بچنے کیلئے سب سے بہترین ذریعہ یہ ہے کہ لوگ اپنے گھروں میں رہیں اور جیسا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی گزشتہ روز سے جزوی لاک ڈاؤن کے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں تاہم ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات عوام مفاد میں ہیں تاہم لوگوں کو چاہیے کہ اس سلسلے میں بھرپور تعاون کا مظاہرہ کریں۔ اس موقع پر اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر شمریز خان نے کہا ہے کہ لوگوں کو چاہیے کہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں۔