لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) بھی کورونا وائرس کی وباءکیخلاف جنگ کیلئے میدان میں آ گیا ہے اور متاثرین کیلئے مالی امداد کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی 50 لاکھ روپے عطیہ کریں گے اور جنرل منیجر (جی ایم) سمیت دیگر افسران 2 روز کی تنخواہ عطیہ کریں گے جبکہ دیگر سٹاف اپنی ایک دن کی تنخواہ عطیہ کریں گے۔
پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں بورڈ ہمیشہ پاکستانی عوام کیساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہوا، یہ وقت بہت مشکل اور چیلنجنگ ہے اور وباءسے لڑنے کیلئے حکومت اور ہیلتھ ورکرز اپنا فرض ادا کرنے میں مصروف ہیں۔ ہم ان کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں تاکہ اس وباءکو شکست دے کر زندگی معمول پر لا سکیں، اس کیساتھ ہی حکومت کیلئے رقم عطیہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔