• Mon. Jul 7th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

سعودی عرب اور روس میں تیل کا معاہدہ طے پا گیا

Apr 18, 2020

ریاض (نمائندہ خصوصی) سعودی عرب اور روس میں تیل کا معاہدہ طے پا گیا ہے، معاہدے کے مطابق آئندہ دو برس تک تیل کی پیداوار میں کمی کی جائے گی.

سعودی عرب اور روس نے متفقہ طور پر اوپیک پلس معاہدے کے مطابق تیل کی پیداوار میں آئندہ 2 برس تک کمی کرنے پر اتفاق کیا ہے، سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی وزیرِ توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کی اپنے روسی ہم منصب الیگزینڈر نوواک سے ٹیلی فون پر تیل کی پیداوار میں کمی اور عالمی منڈی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی ہے، دونوں جانب سے متفقہ طور پر اوپیک پلس معاہدے کے مطابق تیل کی پیداوار میں آئندہ 2 برس تک کمی کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے.

دونوں ممالک کے وزرائے توانائی کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سعودی عرب اور روس نے تیل منڈی میں استحکام لانے کے لیے اوپیک پلس اور تیل پیدا کرنے والے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کیا ہے جس کے بعد دونوں ممالک ایک تاریخ ساز معاہدے تک پہنچے ہیں۔‘

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم اس امر کی یقین دہانی کراتے ہیں کہ دونوں ممالک آئندہ 2 برس تک پیداوار میں کمی کے حوالے سے طے شدہ معاہدے کے مطابق اس پر عمل پیرا رہیں گے‘، فریقین میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ مستقبل میں تیل کی مارکیٹ میں استحکام لانے کے لیے پیداوار کی مسلسل نگرانی بھی کی جائے گی.

تیل کی پیداوار میں کمی کے حوالے سے اوپیک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ جولائی اور دسمبر کے دوران تیل کی پیداوار میں یومیہ 8 ملین بیرل کی کمی ہو گی۔