لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی وارننگ کے بعد اپنے کھلاڑیوں کو متنبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے دوران کرپٹ عناصر سے ہوشیار رہیں اور اگر کوئی پیشکش کرتا ہے تو اس حوالے سے پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کو فوری آگاہ کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے ایک خط کے ذریعے پاکستانی کھلاڑیوں اورڈومیسٹک کرکٹرز کو متنبہ کیا ہے کہ سٹے باز لاک ڈاؤن کے دوران سوشل میڈیا کے ذریعے کھلاڑیوں سے رابطہ کرسکتے ہیں لہٰذا ان سے بچیں اور اگر کوئی پیشکش کرتا ہے تو اس کی اطلاع پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کو فوری دیں۔پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے خط کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی سٹے باز کھلاڑی کو یہ پیشکش اور لالچ دے کر گھیر سکتا ہے اور امکان ہے کہ بڑی سپانسر شپ ڈیل کی پیشکش کرسکتا ہے، اس کے علاوہ کسی ملک کے دورے کی دعوت یا کسی اور ذریعے سے اثر انداز ہونے کی کوشش کرسکتا ہے۔