• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

”میں نے عمر اکمل کو کئی بار سمجھایا تھا لیکن اس نے کسی کی نہیں سنی “ مڈل آرڈر بلے باز کو سزا ملتے ہی جاوید میانداد بھی میدان میں آ گئے

Apr 29, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان جاوید میانداد نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل پر تین سال پابندی کی سزا کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان کرکٹرز سے درخواست کروں گا کہ وہ ایسے کاموں میں مت پڑیں۔
تفصیلات کے مطابق جاوید میانداد نے عمر اکمل کو ملنے والی سزا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ”وہ بہت ہی زبردست کرکٹرز تھا لیکن غیر ضروری تنازعات میں پھنس گیا۔ میں نے اسے بہت مرتبہ کہا کہ خود کو بدلو لیکن اس نے میرے سمیت کسی کی بھی نہیں سنی۔ آج، نتیجہ سب کے سامنے ہے، اس پر تین سال کیلئے پابندی لگا دی گئی ہے۔ میں نوجوان کرکٹرز سے درخواست کرنا چاہوں گا کہ برائے مہربانی اس طرح کے کاموں میں مت کریں کیونکہ ایسا کرنے سے یقینا آپ کے کیرئیر تباہ ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ پی سی بی کی ڈسپلنری کمیٹی نے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت عمر اکمل پر تین سال کی پابندی عائد کی ہے جس کے باعث وہ ہر طرح کی کرکٹ سے دور رہیں گے۔ پی سی بی کی جانب سے یہ فیصلہ سامنے آنے کے بعد موجودہ اور سابق کرکٹرز کی جانب سے ردعمل آنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔