اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پاکستان میں ایک روز میں اب تک کی سب سے زیادہ 40 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 526 ہو گئی ہےاور متاثرہ افراد کی تعداد 22 ہزار 550 تک پہنچ گئی ہے دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 37 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1,049 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 40 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ملک میں کورونا وائرس کے 6 ہزار 217 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سندھ میں کورونا کے اب تک 8 ہزار 189 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب 8 ہزار 420، خیبرپختونخوا 3,499، بلوچستان 1,495، اسلام آباد 485، آزاد کشمیر 76 اورگلگت بلتستان میں 386 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 194 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 148، پنجاب میں 156، بلوچستان 21، اسلام آباد 04 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3 افراد جاں بحق ہوئے۔آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا شکار کوئی بھی مریض لقمہ اجل نہیں بنا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 143 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 10 ہزار 178 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ کل 2 لاکھ 32 ہزار 582 ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کو سامنے آئے 2 ماہ سے زائد عرصہ بیت چکا ہے، ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
جبکہ کورونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 58 ہزار 326 جبکہ اس وائرس سے 37 لاکھ 27 ہزار 3 سو چھبیس افراد متاثر ہو چکے ہیں۔دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد میں سے 12 لاکھ 41 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں.
امریکہ میں کورنا وائرس سے مزید 1,396 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد امریکہ میں اموات کی تعداد 72 ہزار 271 سے تجاوز کر گئی ہے۔امریکہ میں متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 37 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ چھ سو سے زائد ہو گئی۔
برطانیہ میں کورونا سے مزید 693 افراد کی موت کے بعد اب تک مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 427 سے تجاوز کر گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 94 ہزار سے زائد ہے۔سپین میں بھی گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 185 افراد کی اموات کے بعد اب تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 25 ہزار 613 ہوگئی اور متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 50 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
اٹلی میں کورونا وائرس نے مزید 236 افراد کی جان لے لی جہاں اب تک ہونے والی اموات 29 ہزار 315 ہو گئیں۔ اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار سے زائد ہے۔فرانس میں بھی کورونا نے مزید 330 افراد کی جان لے لی۔ فرانس میں مرنے والوں کی تعداد 25 ہزار 531 سے زائد ہو گئی اور متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 70 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
جرمنی میں بھی کورونا سے اموات کا سلسلہ جاری ہے اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 6 ہزار 993 سے بڑھ گئی ہے جب کہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 67 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ترکی میں بھی کورونا کے وار جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 59 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 3 ہزار 5 سو سے تجاوز کر گئی۔ایران میں کورونا نے مزید 63 افراد کی جان لے لی جس کے بعد ایران میں کورونا سے اب تک 99 ہزار970 افراد متاثر ہوئے اور ہلاکتوں کی تعداد 6 ہزار تین سو سے بڑھ گئی ہے۔