اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 564 ہو گئی جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 24 ہزار 73 تک پہنچ گئی ہے۔ دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 38 لاکھ 22 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1,523 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 38 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ملک میں کورونا وائرس کے 6 ہزار 464 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سندھ میں کورونا کے اب تک 8 ہزار 640 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب 9 ہزار 77، خیبرپختونخوا 3,712، بلوچستان 1,659، اسلام آباد 521، آزاد کشمیر 76 اورگلگت بلتستان میں 388 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 203 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 157، پنجاب میں 175، بلوچستان 22، اسلام آباد 04 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3 افراد جاں بحق ہوئے۔آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا شکار کوئی بھی مریض لقمہ اجل نہیں بنا۔
لاک ڈاؤن، لاہور میں گھریلو تشدد میں 25 فیصد اضافہ، گلی محلوں میں لڑائیوں میں کتنا اضافہ ہوا؟
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 163 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 10 ہزار 196 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ کل 2 لاکھ 44 ہزار 778 ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔
جبکہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 38 لاکھ 22 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس نامی مہلک وبا کے باعث اب تک جہان فانی سے دو لاکھ 64 ہزار سے زائد افراد کوچ کر چکے ہیں۔عالمی خبر رساں ایجنسیوں نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 13 لاکھ 02 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 63 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 74 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 53 ہزارسے زائد ہو گئی ہے جب کورونا نے مزید 244 افراد کی جانیں لے لی ہیں۔ اس طرح اسپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 25 ہزار 8 سو سے بڑھ گئی ہے۔
خبررساں ادارے کے مطابق اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 14 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ مزید 369 افراد اپنی جانوں کی بازیاں ہار گئے ہیں۔ اٹلی میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 29 ہزار 6 سو سے زائد ہو گئی ہے۔عالمی خبر رساں ایجنسی نے کہاہے کہ برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 1 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ ملک میں مزید 649 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 30 ہزار سے زائد افراد نے داعی اجل کو لبیک کہا ہے۔
مغربی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں ایک لاکھ 74 ہزار سے زائد افراد اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق فرانس میں کورونا سے مزید 278 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد کل تعداد 25 ہزار 8 سو سے بڑھ گئی ہے۔جرمنی میں بھی کورونا کے باعث اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اب تک سات ہزار 275 سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔ کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد ایک لاکھ 68 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
ترکی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 64 افراد ہمیشہ کی نیند سو گئے ہیں جس کے بعد ہونے والی اموات کی تعداد تین ہزار 500 سے تجاوز کرگئی ہے۔دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ایران میں کورونا کے سبب مزید 78 افراد نے دار فانی سے کوچ کیا ہے جس کے بعد ملک میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چھ ہزار 400 سے بڑھ گئی ہے۔ ایران میں اب تک ایک لاکھ ایک ہزار 650 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔