• Fri. Apr 19th, 2024

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی مفاد عامہ اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے فائدے کیلئے احساس پروگرام میں موثر طور پر حصہ لیتے ہوئے عوام دوست قوانین کے آغاز پر سندھ حکومت کی تعریف

Sep 1, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مفاد عامہ اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے فائدے کیلئے احساس پروگرام میں موثر طور پر حصہ لیتے ہوئے عوام دوست قوانین کے آغاز پر سندھ حکومت کی تعریف کی ہے۔ یہاں گورنر ہاﺅس میں سندھ سے تعلق رکھنے والے سٹیک ہولڈرز کو اقدام سے متعلق آگاہ کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ تمام عوامی نمائندے اپنی سیاسی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عوام کی بہتری کے مقصد کیلئے مل کر کام کریں ۔ اس موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی طرف سے سندھ سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ، صوبائی کابینہ کے ار اکین کے علاوہ سندھ بھر کے اساتذہ، سماجی حقوق کیلئے کام کرنے والے سرگرم کارکنوں اور غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں کو تفصیلی بریفنگ دی ۔ وفاقی سطح پر تمام اکائیوں کا خود کو نمائندہ ظاہر کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ میں یہ اپنی ذمہ داری سمجھتا ہوں کہ ملک میں درپیش اہم چیلنجز بالخصوص صحت، تعلیم اور غربت کے تناظرمیں مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام صوبائی حکومتوں اور سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کریں ۔