کراچی(غلام مصطفے عزیز) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کی گنجائش بہت کم ہے کیونکہ دونوں ممالک کے مابین طے شدہ معاہدوں کو بے معنی کرکے موخرالذکر کردیاگیا ہے۔”پاکستان کا آبی بحران۔ وعدوں کی تکمیل کا وقت“ کے عنوان سے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے نشاندہی کی کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ مختلف طے شدہ معاہدوں کی بیشتر شقوں کی خلاف ورزی کی ہے جن میں سندھ طاس معاہدہ بھی شامل ہے جسے عالمی بنک کے ذریعے حتمی شکل دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پانی اور دیگر شعبوں پر تحقیق اور موجودہ دستیاب معلومات کو اگر مناسب طور پر بروئے کار لایا جائے تو درپیش مشکلات پر قابو پانے کیلئے کافی ہوں گے۔ انہوں نے پانی کی قلت کے بحران کو اجاگر کرنے میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے کردار کی تعریف کی جس کے ذریعے انہوں نے اس مسئلہ کو عوامی مباحثوں کا حصہ بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو پانی کے تحفظ سے متعلق آگاہی دینے کیلئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے اور اس عمل کو ہر گھرانے پر لاگو کرنا چاہئے۔