بیجنگ(نمائندہ خصوصی)چین نے کورونا وائرس سے نمٹنے میں ملکی نظامِ صحت میں خامیوں اور کمزوریوں کا اعتراف کرلیا۔ نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق چین کے قومی ہیلتھ کمیشن کے سربراہ لی بِن کا کہنا ہے کہ کورونا کی وبا ایک بڑا امتحان تھا جس نے چین میں صحت کے نظام میں موجود خامیوں کو بے نقاب کردیا ہے۔چینی ہیلتھ کمیشن کے سربراہ لی بِن کا یہ بیان عالمی برادری کی جانب سے چین کے کورونا وائرس سے آغاز میں ہی نمٹنے اور اس کے پھیلاوکو روکنے کے لیے مبینہ ناکافی اقدامات پر تنقید کے بعد سامنے آیا ہے۔ لی بِن کا کہنا ہے کہ یہ وبا چین کے لیے ایک واضح چیلنج تھی جس نے کسی بڑی وبا سے نمٹنے کے لیے ہماری کمزوری کو نمایاں کردیا ہے ، اس لیے ملکی نظام صحت میں اصلاحات کی جائیں گی۔