• Tue. Jul 8th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

افغانستان, جنازے میں خود کش دھماکہ،رکن صوبائی کونسل سمیت 15 افراد ہلاک

May 13, 2020

ننگر ہار(نمائندہ خصوصی) افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں ایک جنازے میں خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں رکن صوبائی کونسل اور رکن پارلیمنٹ سمیت کم از کم 15 افراد ہلاک اور 56 زخمی ہوگئے جبکہ شمالی صوبے بلخ میں رات کو کئے گئے ایک فضائی حملے میں طالبان تنظیم کے گیارہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا گیا۔

مقامی حکام نے اس واقعہ کی تصدیق کی ہے۔ نامعلوم سیکیورٹی ذرائع نے شِنہوا کو بتایا کہ کوز کنڑ ضلع میں ایک سابق مقامی پولیس اہلکار کی آخری تجہیز وتکفین کے دوران مقامی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے خودکش بم دھماکا ہوا۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں رکن صوبائی کونسل عبداللہ ملاکزئی بھی شامل ہے جبکہ قومی پارلیمنٹ کا ایک رکن اس واقعے میں زخمی ہوا ہے۔متعدد زخمیوں کو جان لیوا زخم آئے ہیں جنہیں کوز کنڑ اور صوبائی دارالحکومت جلال آباد کے ہسپتالوں میں بھیجا گیاہے،ابھی تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

دوسری جانب افغانستان کے شمالی صوبے بلخ میں رات کو کئے گئے ایک فضائی حملے میں طالبان تنظیم کے گیارہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا گیا،یہ بات افغانستان کی وزارت دفاع نے بتائی۔وزارت دفاع نے ایک بیان میں بتایا کہ مسلح طالبان نے پیر کی رات صوبے کے بلخ ضلع کے پالاس پوش علاقے میں بھاری مشینری سے ایک شاہراہ کو تباہ کرنے کی کوشش کی۔بیان کے مطابق افغان فضائیہ نے خفیہ اطلاع ملنے پر فضائی کارروائی جس میں 11عسکریت پسند ہلاک اور دیگر10 زخمی ہوئے۔ طالبان عسکریت پسند گروپ کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔