کراچی (نمائندہ خصوصی)آج کاروبار کے آغاز پر انٹر بینک میں ڈالر مہنگا ہو گیا ہے جبکہ سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان دکھائی دے رہی ہے جس پر کاروباری افراد اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق انٹر بینک میں کاروبار کا آغازہوتے ہی ڈالر 55 پیسے چڑھ گیا جس کے بعد ڈالر 161 روپے میں ٹریڈ ہو رہاہے ۔ دوسری جانب سٹا ک مارکیٹ میں آج کاروبار کے آغاز پر مثبت رجحان دکھائی دے رہی ہے ، کاروبار کا آغاز ہوا تو 100 انڈیکس 33 ہزار 603 پوائنٹس کی سطح پر تھا تاہم کچھ ہی دیر میں اس میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور انڈیکس 106 پوائنٹس کے ساتھ 33 ہزار 709 پوائنٹس پر پہنچ گیا ہے ۔
یاد رہے کہ لاک ڈاون کھلنے کے بعد گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ایک روز میں اب تک کے سب سے زیادہ 2255 کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد تعداد 34 ہزار 336 پر جا پہنچی ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 11 ہزار 848 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں مزید 2255 کورونا کیسز کی تصدیق ہو گئی ہے تاہم گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 31 افراد وائرس کے باعث انتقال کر گئے ہیں جس کے بعد اموات 737 ہو گئیں ہیں۔
کورونا وائر س کے سب سے زیادہ کیسز پنجاب میں رپورٹ ہوئے ہیں جہاں تعداد 13 ہزار 225 ہو گئی ہے جن میں سے 4 ہزار 531 صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو لوٹ گئے ہیں جبکہ 214 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔پنجاب کے بعد سندھ میں 12 ہزار 610 افراد میں وائرس کی شناخت ہوئی جن میں سے 2229 صحت یاب ہوئے جبکہ 218 افراد وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔