• Sat. Jul 5th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پی ایس ایل کی جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو سٹریمنگ، تنازع کی باز گشت وزیر اعظم عمران خان تک پہنچ گئی

May 16, 2020

کراچی(ویب ڈیسک) سپورٹس کمیٹی کے رکن اقبال محمد علی نے جوئے کی ویب سائٹ پر پی ایس ایل کی لائیو سٹریمنگ کے بارے میں وزیراعظم کو ابتدائی معلومات فراہم کردیں، ان کا کہنا ہے کہ میں اس حوالے سے خط بھی تحریر کروں گا، یہ بیحد حساس معاملہ ہے، اسے قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی اٹھایا جائے گا۔
رواں برس پی ایس ایل 5 کی ایک غیرملکی جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو اسٹریمنگ ہوئی، اس تنازع کی باز گشت وزیر اعظم عمران خان تک پہنچ گئی ہے، آئی پی سی سپورٹس کمیٹی کے رکن اقبال محمد علی نے اس حوالے سے بتایا کہ قومی اسمبلی اورپبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے رکن نے کہا کہ گزشتہ روز وفد کے ہمراہ میری وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی، دیگر معاملات پر گفتگو کرنے کے بعد میں نے کرکٹ کی جانب توجہ مبذول کرائی، میں نے انھیں بتایا کہ ایک جوئے کی ویب سائٹ پر پی ایس ایل کے میچز لائیو سٹریم ہوئے، یہ جان کر وہ حیران رہ گئے۔

اس پر وہاں موجود سیکریٹری نے ان سے کہا کہ چونکہ ایسا ملک سے باہر ہوا اس لیے آپ کو آگاہ نہیں کیا گیا، میں نے انھیں بتایا کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی پہلے تو تردید کرتے رہے پھر تسلیم کر لیا کہ میڈیا پارٹنر نے بغیر بتائے جوئے کی کمپنی کو حقوق فروخت کیے۔

رپورٹ کے مطابق اقبال محمد علی نے مزید کہا کہ چونکہ کورونا و دیگر مسائل کی وجہ سے وزیر اعظم مصروف ہیں شاید اس لیے وہ اتنے اہم معاملے سے لاعلم تھے، میں نے ان سے یہ بھی کہا کہ پی ایس ایل ون اور ٹو کی آڈٹ رپورٹ سمیت پی سی بی کے حوالے سے ایک دستاویز پر آپ سے بات کرنی ہے، چونکہ وقت کم تھا اس لیے ایسا نہ ہو سکا، انھوں نے کہا کہ میں اب وزیر اعظم کو ایک خط بھیج کر تمام تفصیلات سے آگاہ کروں گا، لائیو سٹریمنگ کا معاملہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی اٹھایا جائے گا۔