سکھر( رپورٹ۔امداد علی گل کلوڑ ) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاﺅں اور تجارتی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کیلئے تاجر برادری حکومت کی جانب سے بنائی جانیوالی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائے، تاکہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو بھی روکا جاسکے اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیگر ملکی معاشی صورتحال کو بھی بہتر بنایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجر سیکریٹریٹ گولڈ سینٹر صرافہ بازار میں سکھر اسمال ٹریڈرز کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں حاجی عبدالستار راجپوت، عبدالقادر شیوانی، محمد زبیر قریشی، بابو فاروقی، عبدالباری انصاری، محمد شبیر میمن، ظہیر حسین بھٹی، محمد منیر میمن، جاوید کھوسو،محبوب صدیقی، لالہ محب، شفیق الرحمان، صداقت خان، محمد عمران میمن، امداد جھنڈیر، و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر حاجی محمد جاوید میمن نے تاجروں کو تجارتی مراکز میں کورونا وائرس سے بچاﺅ کیلئے حکومت کی جانب سے بنائی جانیوالی ایس او پیز پر مکمل طور پر آگاہی فراہم کی اور تمام تر احتیاطی تدابیر کو لازمی طور پر اختیار کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن و دیگر کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے تاجر برادری اور پوری قوم ایک پیچ پر کھڑی ہوکر مقابلہ کر رہی ہے، ایک دوسرے کے تعاون کے ساتھ انشاءاللہ جلدکورونا وائرس سے نجات حاصل ہوگی۔