سینٹ پال (نمائندہ خصوصی) امریکی ریاست منی سوٹا میں پولیس کے ہاتھوں ایک سیاہ فام شخص کی ہلاکت کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں ہنگامے پھوٹ پڑے، ہنگاموں کے دوران ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک سیاہ فام شخص کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس کو پولیس اہلکاروں نے دبوچ رکھا تھا۔ 46 سالہ جارج فلوئیڈ کو نیچے لٹا کر پولیس اہلکار نے اس کی گردن پر اپنے گھٹنے سے دباؤ ڈال رکھا ہے۔ پولیس تشدد سے ہلاک ہونے والے سیاہ فام شخص کی ویڈیو وائرل ہونے کےبعد امریکہ کے مختلف شہروں میں ہنگامے پھوٹ پڑے۔
مظاہرین نے مختلف شہروں میں کئی جگہوں کو آگ لگادی جبکہ سٹورز اور دیگر جگہوں پر لوٹ مار بھی کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ منی پولس میں ایک سٹور میں آگ لگی ہوئی تھی جس میں جھلس کر ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا گیا۔ مظاہرین کی جانب سے پولیس کی گاڑیوں پر پینٹ پھینکا گیا جبکہ پولیس اہلکاروں اور تھانے کی عمارت پر پتھراؤ کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر دنیا بھر میں ” #BlackLivesMatter” کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے۔ پاکستان میں بھی یہ ہیش ٹیگ ٹاپ 5 ٹرینڈز میں شامل ہے۔