واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکی ٹی وی چینل اور اخبار کی جانب سے صدارتی الیکشن کے حوالے سے کرائے جانے والے ایک مشترکہ سروے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے حریف ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن سے بہت پیچھے نظر آرہے ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ اور اے بی سی نیوز کی جانب سے کرائے جانے والے سروے کے نتائج اتوار کو جاری کیے گئے ہیں۔ اس سروے میں سامنے آیا ہے کہ آئندہ صدارتی انتخابات میں امریکہ کے سابق نائب صدر جوبائیڈن کو 53 فیصد ووٹرز کی حمایت حاصل ہے جبکہ موجودہ امریکی صدر اور ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو 43 فیصد لوگ دوبارہ امریکہ کا صدر بنانا چاہتے ہیں۔
صدارتی الیکشن کی مہم کے دوران ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر ان کے مخالف امیدوار کو ڈبل فگر (10 فیصد) برتری حاصل ہوئی ہے۔ اے بی سی نیوز نے اس سے قبل مارچ میں سروے کرایا تھا جس میں 49 فیصد ووٹرز جوبائیڈن اور 47 فیصد ٹرمپ کے حامی تھے۔
سروے میں صدر ٹرمپ کیلئے ایک خوشخبری بھی سامنے آئی ہے ، ان کے ووٹرز انہیں دوبارہ صدر منتخب کرانے کیلئے زیادہ پرجوش ہیں۔ سروے میں ٹرمپ کے حامی 87 فیصد ووٹرز نے کہا کہ وہ ووٹ ڈالنے ضرور جائیں گے جبکہ جوبائیڈن کے صرف 68 فیصد حامی انہیں ووٹ ڈالنے میں دلچسپی لیتے دکھائی دیے۔