• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کیلئے ٹریننگ کیمپ لگے گا یا نہیں؟

Jun 7, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) دورہ انگلینڈ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے ٹریننگ کیمپ کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہ ہو سکا، کورونا وائرس کے بڑھنے کی وجہ سے ٹیم مینجمنٹ کو کسی نتیجے پر پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مجوزہ دورہ انگلینڈ سے قبل جون کے پہلے ہفتے میں 25 سے 30 کھلاڑیوں کے ٹریننگ کیمپ کا پلان بنایا لیکن بائیو سیکیور انتظامات میں کیمپ لگانے کیلئے بورڈ تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا ہے۔کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے ٹیم مینجمنٹ کو فیصلہ سازی میں نہ صرف مشکلات کا سامنا ہے بلکہ ان کیلئے موجودہ صورتحال پریشان کن بھی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی تعداد، تاریخ کے تعین اور کیمپ کی مدت کا بھی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے، موجودہ صورتحال میں بہت زیادہ کھلاڑیوں، سپورٹ سٹاف اور دیگر لوگوں کی موجودگی میں ٹریننگ کا خطرہ مول لینے کیلئے ٹیم مینجمنٹ تیار دکھائی نہیں دے رہی۔

کھلاڑی ان دنوں انفرادی طور پر اپنی اپنی جگہوں پر ٹریننگ میں مصروف ہیں اور اس میں اب تیزی آتی جا رہی، ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کے پاس مختصر دورانئے کے کیمپ کا ہی آپشن باقی رہ گیا ہے جو 20 جون کے بعد ہی شروع کیا جائے گا۔