• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

بابراعظم میدان میں جانے سے کتنی دیر پہلے اپنی اننگز کی منصوبہ بندی کرتے ہیں؟ ایسا انکشاف کر دیا کہ ہر کوئی دنگ رہ جائے

Jun 9, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ چاہے میچ کلب کرکٹ کا ہو، یا فرسٹ کلاس کرکٹ کا یا پھر انٹرنیشنل کرکٹ کا، میں میدان میں جانے سے صرف 5 منٹ پہلے اپنی اننگز کو پلان کرتا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی کی سینٹرل پنجاب ٹیم کے ویڈیو سیشنز کا سلسلہ ان دنوں جا ری ہے جس دوران باﺅلرز اور بلے بازوں کے الگ الگ سیشنز بھی ہو رہے ہیں، اسی طرح کھلاڑیوں کے ساتھ ٹیم مینجمنٹ الگ الگ سیشنز بھی کر رہی ہے۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم میں ٹیسٹ کے کپتان اظہر علی بھی کھیلتے ہیں اور ون ڈے اور ٹی 20 کے کپتان بابر اعظم بھی سینٹرل پنجاب کا حصہ ہیں۔

سینٹرل پنجاب کی مینجمنٹ نے پہلے ٹیسٹ کپتان اظہر علی کے ساتھ ویڈیو سیشن کیا اور بابر اعظم کے ساتھ بھی ویڈیو سیشن مکمل کر لیا ہے۔ ہیڈ کوچ اعجاز جونیئر اور کوچ سمیع نیازی نے بھی سیشن میں حصہ لیا۔ ہیڈ کوچ سینٹرل پنجاب اعجاز جونیئر نے بابرا عظم کے ساتھ بیٹنگ تکنیک کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور مختلف موضوعات پر گفتگو بھی کی اوربابر اعظم نے اپنے تجربات بھی شیئر کیے۔

بابر اعظم نے اپنی کامیابی کے حوالے سے بتایا کہ سب میچز کی تیاری یکساں ہوتی ہے۔ کلب میچ ہو یا فرسٹ کلاس یا انٹر نیشنل میچ ہو، سب میچز میں پلان کر کے کھیلتا ہوں، کلب کرکٹ میں کنڈیشنز کا فرق ہوتا ہے، وہ کنڈیشنز نہیں ہو تیں جو فرسٹ کلاس اور انٹرنیشنل لیول میں ہو تی ہیں اس لئے کلب کرکٹ میں تھوڑا مارجن مل جاتا ہے لیکن میں ہر سطح پر پلان کے مطابق کھیلتا ہوں۔ میں خود کو ذہنی طور پر تیار کر کے کھیلتا ہوں، میری توجہ میں کوئی فرق نہیں آتا، توجہ کا لیول 110 فیصد ہی رکھنا پڑتا ہے اور میں رکھتا ہوں۔

مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز نے کہا کہ میں اننگز کھیلنے کا پلان کرتا ہوں اور اس کیلئے پانچ منٹ ہی کافی ہو تے ہیں ، اس دوران آپ سوچتے ہیں کہ کیا صورتحال ہے ، آپ نے کیسی بیٹنگ کرنی ہے ، کیسے وکٹ پر جا کر اپلائی کرنا ہے۔