کراچی (نمائندہ خصوصی)پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ دیکھنے میں آ رہاہے جس کے اثرا ت معیشت پر بھی دکھائی دینے لگے ہیں تاہم اس صورتحال میں انٹر بینک میں بھی ڈالر کی قدر میں اضافہ ہو گیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر ڈالر کی قیمت میں 15 پیسے اضافہ ہو گیا جس کے بعد ڈالر 164روپے 45 پیسے پر ٹرید ہو رہاہے ۔دوسری جانب یہ امر بھی قابل ذکرہے کہ سٹا ک ایکسچینج سے کاروباری افراد کیلئے اچھی خبریں آ رہی ہیں کیونکہ آغاز پر ہی مثبت رجحان پیدا ہو گیاہے جس پر اطمینان کا اظہار کیا جارہاہے ۔
سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز ہوا تو 100 انڈیکس 34 ہزار 350 کی سطح پر تھا تاہم کچھ ہی دیر کے بعد اس میں تیزی دیکھنے مین آئی اور انڈیکس 277 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 34 ہزار 627 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ہے ۔
یاد رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے22 ہزار650 ٹیسٹ ہوئے جس دوران 4 ہزار 728 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔اس طرح ملک بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 3 ہزار671 ہوگئی جن میں سے 34 ہزار 355مریضوں نے اس وائرس کو شکست دے دی ہے۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک مرتبہ پھر سب سے زیادہ ہوگئی ہے۔ ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجا ب میں کورونا کے مصدقہ مریض 38 ہزار 903 ہوگئے۔ اسی طرح سندھ میں 38 ہزار 108، خیبر پختونخوا میں 13 ہزار 487، بلوچستان میں 6 ہزار 516، اسلام آباد میں 5 ہزار329، آزاد کشمیر 396 اور گلگت بلتستان میں 932 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 65 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد ملک میں اس وائرس سے لقمہ اجل بننے والے افراد کی تعداد 2067 ہوگئی۔پنجاب میں کورونا کے مریضوں کے تعداد سب سے زیادہ ہونے کے ساتھ ساتھ یہاں اموات بھی سب سے زیادہ ہوئی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 715، سندھ میں 650، خیبر پختون خوا میں 575، بلوچستان میں 54، وفاقی دارالحکومت میں 52، گلگت بلتستان میں 13 جب کہ آزاد کشمیر میں 8 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔