• Wed. Jul 2nd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

”ہم آپ کو چیئرمین بنانا چاہتے ہیں کیونکہ۔۔۔“ آئی سی سی کے کئی ممبران نے احسان مانی کو حمایت کا یقین دلا دیا، ایسی خبر آ گئی کہ بھارتی سٹپٹا کر رہ جائیں

Jun 9, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے کئی ممبران نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی کو آئی سی سی کا چیئرمین بنانے کیلئے اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کے کئی ارکان چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو آئی سی سی چیئرمین بنانے کے خواہاں ہیں اور اس سلسلے میں بورڈز ممبران نے چیئرمین پی سی بی سے رابطے قائم کر کے چیئرمین شپ کیلئے اپنی بھرپور معاونت اور کردار ادا کرنے کا یقین دلایا ہے۔

ممبران نے مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی کے مالی اور اندرونی مسائل آپ حل کرسکتے ہیں لہٰذا وہ اس عہدے کیلئے آپ کو بہترین انتخاب سمجھتے ہیں۔آئی سی سی کے موجودہ چیئرمین ششانک منوہر کے عہدے کی مدت جولائی میں ختم ہورہی ہے جس کے بعد نئے چیئرمین کا انتخاب جولائی میں ہی ہو گا اور اس کا طریقہ کار بدھ کوٹیلی کانفرنس میں طے کیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) آئی سی سی کے چیئرمین کے عہدے کیلئے سارو گنگولی کو منتخب کرانا چاہتا ہے لیکن ممبران کی اکثریت احسان مانی کے حق میں ہے جس کے باعث ان کے بطور چیئرمین منتخب ہونے کے امکانات بھی روشن ہیں۔

واضح رہے کہ احسان مانی 2003ءسے 2006ءتک آئی سی سی کے صدر رہ چکے ہیں اور وہ اس عہدے پر رہتے ہوئے غیر متنازعہ رہے، بہترین شخصی صلاحیتوں اور معاملہ فہم ہونے کی قابلیت کی وجہ سے انہیں کئی غیر ملکی بورڈز کا بھرپور اعتماد حاصل رہا ہے۔