اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم کی جانب سے آئل کمپنیوں کے خلاف ایکشن کا حکم ملتے ہی اوگرا حرکت میں آگیا، مختلف کمپنیوں کو کروڑوں روپے کے جرمانے عائد کردیے۔
اوگرا کی جانب سے تیل کا مقررہ ذخیرہ نہ رکھنے پر 5 آئل کمپنیوں کو مجموعی طور پر 3 کروڑ 50 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔ اوگرا کی جانب سے پوما انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ کو 50 لاکھ روپے، شیل پاکستان کو تیل کا سٹاک نہ رکھنے پر ایک کروڑ روپے ، لائسنس شرائط کی خلاف ورزی پر ٹوٹل پارکو لمیٹڈ کو ایک کروڑ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔
گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ کو 50 لاکھ روپے ، حیسکول پرائیویٹ لمیٹڈ کو 50 لاکھ روپے اور تیل ذخیرہ نہ کرنے پر اٹک آئل کو 50 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ آئل کمپنیوں کی جانب سے ملک میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کی وجہ سے عالمی مارکیٹ سے تیل کی خریداری بند کردی گئی تھی جس کی وجہ سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔