لاہور (نمائندہ خصوصی) انڈر 19 ورلڈکپ اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 میں شاندار کارکردگی دکھانے والے نوجوان بیٹسمین حیدر علی کو دورہ انگلینڈ کیلئے اعلان کردہ سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں پشاور زلمی کی جانب سے شاندار کارکردگی دکھانے والے نوجوان بلے باز حیدر علی نے جون میں جنوبی افریقہ کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے خلاف سیریز میں 317 رنز بنا کر پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے بہترین بیٹسمین ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
حیدر علی بنگلہ دیش میں کھیلے گئے ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے پانچویں بہترین بیٹسمین تھے جہاں انہوں نے ایونٹ میں 218 رنز بنائے، نوجوان بیٹسمین نے قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں سنچری بنانے کے علاوہ ایونٹ میں مجموعی طور پر 645 رنز بنائے۔
حیدر علی آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2020ءمیں پاکستان کے تیسرے بہترین بیٹسمین رہے جنہوں نے پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرتے ہوئے 158 سے زائد کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 9 میچوں میں 239 رنز بنائے۔ حیدر علی نے سیزن 20-2019ءمیں شاندار کارکردگی کی بدولت سینٹرل کنٹریکٹ کی ایمرجنگ کٹیگری میں جگہ حاصل کی تھی۔