نئی دلی (نمائندہ خصوصی) بھارت میں پاکستان کے مقابلے میں دوگنا سے بھی زائد قیمت پر پٹرولیم مصنوعات فروخت کی جارہی ہیں، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران انڈیا میں پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 90 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
ہفتہ کے روز دارالحکومت نئی دلی میں پٹرول کی قیمت میں 59 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی قیمت 75 روپے 16 پیسے (162 روپے 77 پیسے پاکستانی) ہوگئی ہے۔ بھارتی دارالحکومت دلی میں ہفتہ کو ڈیزل کی قیمت 58 پیسے بڑھائی گئی جس کے بعد فی لٹر ڈیزل 73 روپے 39 پیسے (159 روپے 94پیسے پاکستانی) کا ہوگیا۔
انڈیا میں مختلف شہروں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی مختلف مقرر کی جاتی ہیں۔ ممبئی میں پٹرول کی قیمت سب سے زیادہ 82 روپے 10 پیسے (177 روپے 80 پیسے پاکستانی) ہے جبکہ دلی ریجن میں ڈیزل سب سے مہنگا 73 روپے 39 پیسے فی لٹر میں فروخت کیا جارہا ہے۔