کراچی(غلام مصطفے عزیز )گلستان جوہر میں جلوس کا علم بجلی کی تاروں سے ٹکرانے کے باعث کرنٹ لگنے سے3 عزادار جانبحق اور3 جھلس کر زخمی ہوگئے۔ گلستان جوہر پولیس اسٹیشن نے بتایا کہ بھٹائی آباد سے ہفتہ کو برآمد ہونے والے عزاداران کے جلوس میں شامل علم بجلی کے تاروں سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں کرنٹ لگنے سے3 عزادار جھلس کر جانبحق ہوگئے جبکہ3 عزادار کو زخمی حالت میں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جانبحق ہونے والے عزاداروں میں 35 سالہ محمد علی، 13 سالہ حاجی خاصخیلی اور 18 سالہ سونو شاہ زیب شامل ہیں۔ جھلس کر زخمی ہونے والوں میں 14 سالہ سمیر میر حسن، 22 سالہ افضل آغا اور19 سالہ محسن شاہ شامل ہیں۔ دریں اثناء صوبائی وزیر برائے انسانی بستیوں غلام مرتضئ بلوچ بھٹائی آباد پہنچے اورافسوسناک واقعے میں جانبحق ہونیوالے خاندانوں کے دکھ میں ہوئے۔ صوبائی وزیر زخمیوں کی عیادت کے لئے سول ہسپتال بھی گئے۔ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے انفارمیشن سیکریٹری سردار عبدالرحیم نے بھی گلستان جوہر کے علائقے بھٹائی آباد میں علم پاک بجلی کے تاروں سے ٹکرانے سے جانبحق ہونے والوں کے لواحقین سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عزاداروں کی شہادت اور متعدد افراد کے جھلسنے پر ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے بھی گہر ے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔