لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے پلے آف مرحلے کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کل سے متوقع ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹریننگ اور کورونا ٹیسٹنگ کا شیڈول بھی فائنل کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز کے غیر ملکی کھلاڑی 7 نومبر سے کراچی پہنچنا شروع ہوں گے جبکہ ملتان سلطانز کے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد 8 سے 9 نومبر کے درمیان ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ غیرملکی کھلاڑیوں کو اپنا کورونا ٹیسٹ کروا کر آنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پاکستان آمد پر بھی ان کی کورونا ٹیسٹنگ ہو گی جس کے نتائج منفی آنے کے بعد کھلاڑیوں کو ٹریننگ کیمپ جوائن کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
پلے آف راؤنڈ میں شامل چاروں ٹیموں کے کھلاڑی 7 نومبر سے کراچی میں اکٹھا ہونا شروع ہوں گے، ملتان سلطانز کی ٹیم کا پہلا ٹریننگ کیمپ پی سی بی کی فراہم کردہ جگہ پر 9 نومبر کو لگایا جائے گا جبکہ پلے آف راؤنڈ 14 اور 15 نومبر کو شیڈول ہے۔