لاہور (نمائندہ خصوصی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق اب 15 سال سے کم عمر کے کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کیلئے عمر کی پالیسی متعارف کرائی ہے جس کے مطابق بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے اہل ہونے کیلئے کرکٹر کی عمر کم از کم 15 سال ہونا ضروری ہے۔
آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی حفاظت میں بہتری لانے کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے کم سے کم عمر کی پابندیاں متعارف کرانے کی تصدیق کی ہے جس کا اطلاق آئی سی سی ایونٹ، باہمی کرکٹ اور U19 کرکٹ سمیت تمام کرکٹ میں ہوگا اور یہ اصول مردوں، خواتین اور انڈر 19 کرکٹ میں ہر ایک کیلئے لاگو ہوگا۔
دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ کچھ وجوہات کی بناءپر اگر کسی ملک کا کرکٹ بورڈ عالمی سطح پر اپنے 15 سال سے کم عمر کھلاڑی کو کھلانا چاہتے ہیں تو انہیں اس کیلئے آئی سی سی کو درخواست دینی ہوگی جس میں وہ تمام وجوہات سے آگاہ کریں گے جس کے بعد آئی سی سی اس کھلاڑی کی صلاحیت دیکھتے ہوئے اسے اجازت نامہ دے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آئی سی سی کی جانب سے کھلاڑیوں کی عمر سے متعلق کسی قسم کی کوئی پابندی عائد نہیں تھی۔ سال 1996ءسے 2005ءکے درمیان سات ٹیسٹ اور 16 ون ڈے میچ کھیلنے والے پاکستان کے حسن رضا کے پاس سب سے کم عمر میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کا ریکارڈ ہے، دائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 14 سال کی عمر میں کیا تھا۔