لاہور(نمائندہ خصوصی) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر انضمام الحق نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اعلان کردہ ٹیسٹ سکواڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے کہا ہے کہ یہ ’ سلیکشن‘ کی گئی ہے۔
انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ لوگوں کو خوش کرنے کے لیے سلیکشن کی گئی ، اس سلیکشن کا کوئی نظریہ نہیں ہے،یہ سکواڈ جیتنے کی اہلیت نہیں رکھتا ہے۔
دو روزقبل چیف سلیکٹر محمد وسیم کی جانب سے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے قومی سکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا۔اعلان کردہ سکواڈ کے مطابق ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے،دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان ، عابدعلی، عمران بٹ، اظہرعلی، فوادعالم ، سرفراز احمد ، یاسرشاہ، عبداللہ شفیق، آغاسلمان ، سعود شکیل ،حسن علی ،کامران غلام، ساجد خان، حارث رؤف ، محمدنواز، نعمان علی، فہیم اشرف ، شاہین آفریدی اور تابش خان شامل ہیں۔حارث رؤف،ساجد خان،تابش خان،سعود شکیل،کامران غلام،نعمان علی،عبداللہ شفیق اور آغا سلمان کو پہلی دفعہ ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیا گیاہے۔
جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے کراچی پہنچ گئی ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری کو کراچی جبکہ دوسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 4 فروری سے شروع ہوگا۔