• Wed. Jul 9th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم ریفرنس، شہبازشریف نے بھی احتساب عدالت میں ’ خط ‘ پیش کر دیا ، لیکن کس شخصیت کی جانب سے لکھا گیا ؟ جانئے

Jan 26, 2021

لاہور (نمائندہ خصوصی )شہبازشریف نے آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم ریفرنس کی احتساب عدالت میں سماعت کے دوران چینی سفیر کی جانب سے لکھا گیا خط پیش کر دیا ۔
احتساب عدالت میں آشیانہ ہاﺅسنگ ریفرنس پر سماعت ہوئی جس دوران عدالت نے شہبازشریف سے استفسار کیا کہ آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں ؟ شہبازشریف نے کہا میں عدالت میں خط پیش کرنا چاہتا ہوں ۔ شہبازشریف نے عدالت میں چینی سفیر کی جانب سے لکھا گیا خط پیش کیا اور کہا کہ چینی سفیر نے میرے سی پیک منصوبوں کی تعریف کی ہے ، ایک قیدی کو چینی سفیر خط لکھ رہاہے جو اعزاز سے کم نہیں ہے ، چین پاکستان کا بہترین دوست ہے ۔

ان کا کہناتھا کہ دو سال سے مجھ پر الزامات کی بوچھاڑ کی جارہی ہے لیکن الزامات کے باجود چین کے سفیر میری تعریف کر رہے ہیں ۔ شہبازشریف کی جانب سے عدالت میں پیش کیے گئے چینی سفیر کے خط پر پراسیکیوشن نے اعتراض اٹھایااور کہا کہ خط کا کیس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ، عدالتی وقت ضائع نہ کیا جائے ، احتساب عدالت کے جج نے ریمارکس دیئے کہ شہبازشریف کو پہلے بھی کہاہے کہ کیس سے متعلق بات کریں ، شہبازشریف نے کہا کہ قوم کو بتانا چاہتاہوں کہ میرے منصوبوں کو دنیا مان رہی ہے ۔