اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) طلبہ کا احتجاج رنگ لانے لگا، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے آن لائن امتحانات کا گرین سگنل دے دیا۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ بعض جامعات کے طلبہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ ان کے امتحانات آن لائن ہونے چاہئیں کیونکہ انہوں نے پڑھائی بھی آن لائن کی ہے۔ آن لائن امتحان کا فیصلہ یونیورسٹیز نے کرنا ہے لیکن پھر بھی ہم نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے کہا ہے کہ وہ یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز (وی سی) سے رابطہ کریں اور دیکھیں کہ کیا موجودہ حالات میں اس سال آن لائن امتحانات ممکن ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جامعات کو بھی یہ دیکھنا ہوگا کہ کیا ان کے پاس اتنی فنی صلاحیت موجود ہے کہ وہ تمام طلبہ کے آن لائن امتحانات لے سکیں، کسی کو پیچھے نہیں چھوڑا جاسکتا۔
وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ جامعات کو یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ اچھے نمبر حاصل کرنے کیلئے آن لائن امتحانات کا غلط استعمال نہ کیا جاسکے، اچھے سوالیہ پرچے بنانا سب سے ضروری ہے۔