اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)لاہور میں بااثر شخص سے تشدد کا نشانہ بننے کے چند روز بعد ہی پاکستان کی پہلی خواجہ سراءاداکارہ رمل علی نے بھی سیاست میں انٹری دیدی اور اس سلسلے میں باضابطہ طورپر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت بھی اختیار کرلی،انہیں صنفی امتیاز کیلئے مقرر کردیا گیا ۔ رمل علی کا کہنا ہے کہ اپنے جیسوں کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گی۔
رمل علی کو ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان کی رکنیت بھی دی گئی ہے، اداکارہ کو دونوں اداروں میں صنفی تفریق کے لیے صدر کا معاون تعینات کیا گیا ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہناتھاکہ میں انتقام کیلئے سیاست میں آئی،لاہور میں ہونیوالے واقعے نے انہیں ایسا کرنے پر مجبور کیا، تحریک انصاف کا حصہ بننا میرے لیے باعث فخر ہے۔ان کا مزید کہناتھاکہ وہ مسترد کیے گئے لوگوں کی امید بنیں گی اور ویلفیئر سیکٹر پر توجہ دیں گی ۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ سیاست میں شمولیت کے باوجود وہ شوبز جاری رکھیں گی ، ان دنوں کئی پراجیکٹس میں مصروف ہیںاور فینز آئندہ دنوں میں دیکھ بھی سکیں گے ۔
یادرہے کہ رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں ہی رمل علی نے الزام لگایا تھا کہ اٹک کے رہائشی جہانزیب خان نے انہیں جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا اور سر، بھنویں مونڈدیئے ۔