• Sat. Jun 28th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

بھارت کو ایسی ذمہ داری مل گئی کہ رواں برس ایشیاءکپ کا انعقاد ہی مشکوک ہو گیا، کرکٹ مداحوں کیلئے افسوسناک خبر

Feb 2, 2021

ممبئی (نمائندہ خصوصی) ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی سربراہی بھارت کو مل گئی ہے جس کے باعث رواں برس شیڈول ایشیاءکپ کا انعقاد ہی مشکوک ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے جے شاہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے نئے صدر منتخب ہو گئے ہیں جبکہ ان سے قبل یہ ذمہ داری بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے سربراہ نظم الحسن نبھا رہے تھے۔ بھارتی بورڈ کے صدر ساروگنگولی دل کے مرض کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہیں جس کے باعث تمام معاملات جے شاہ نے سنبھالے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب اے سی سی کی سربراہی بھارت کو ملنے کے بعد رواں برس ایشیاءکپ کا انعقاد مشکوک ہو گیا ہے کیونکہ بی سی سی آئی کی ترجیح رواں برس انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کا شیڈول کے مطابق انعقاد ہے اور وہ ایشیاءکپ کی مجوزہ تاریخوں میں باہمی سیریز کا انعقاد چاہتا ہے کیونکہ اس سے حاصل ہونے والی آمدن پر صرف بھارت کا حق ہو گا جبکہ ایشیاءکپ سے ہونے والی آمدن اس میں شریک تمام بورڈز کو بھی ملتی ہے۔