• Fri. Apr 19th, 2024

قائداعظم ٹرافی کے پہلے رائونڈ کا کھیل مکمل، سندھ اور بلوچستان کے مابین کھیلا گیا میچ برابر رہا

Sep 18, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز) قائداعظم ٹرافی کا یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں سندھ اور بلوچستان کے مابین کھیلا گیا میچ بے نیتجہ رہا۔ سندھ کی جانب سے کئے گئے اسکور 473 رنز کے جواب میں بلوچستان کرکٹ ٹیم نے میچ کے چوتھے اور آخری روز منگل کو مقررہ وقت ختم ہونے تک173 اوورز میں 355 رنز بنائے اور اس کے 9 کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔ امام الحق 152 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ 514 منٹ کریز پر موجود رہنے والے امام الحق نے 352 گیندوں پر 18 چوکے لگائے۔ سندھ کی جانب سے کاشف بھٹی اور اسد شفیق نے 3،3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ بلوچستان کی جانب سے 10ویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے خرم شہزاد نے 44 رنز اسکور کئے۔ میچ کے آخری روز بلوچستان کی جانب سے امام الحق نے 111 اور عمران فرحت نے 16 رنز سے اننگز کا آغاز کیا۔ اس سے قبل بلوچستان کرکٹ ٹیم نے نوٹاس قانون کا استعمال کرتے ہوئے پہلے بالنگ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ عابد علی کے ناقابل شکست 249 رنز کی بدولت سندھ کا اسکور 473 رنز پہنچنے پر کپتان سرفراز احمد نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔بلوچستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔